لکھنؤ، 24؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اتر پردیش میں بڑھتے کورونا معاملوں کو دیکھتے ہوئے نئی گائیڈ لائن جاری کر دی ہے۔ ہولی کے پیش نظر یہ گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہو جائیں۔ چیف سکریٹری آر کے تیواری نے منگل کے روز کہا کہ ہولی پر منعقد ہونے والے کسی بھی عوامی پروگرام یا جلوس کے لیے پہلے سے اجازت لینی ہوگی۔ اجازت حاصل کرنے کے بعد بھی منتظمین کو سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا۔
گائیڈ لائن کے مطابق 60 سال سے اوپر کے لوگ، 10 سال سے کم عمر کے بچوں اور کوموربیڈیٹی والے لوگوں کو تہوار کے دوران گھر کے اندر رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ گائیڈ لائن میں آگے کہا گیا ہے کہ دوسری ریاستوں سے آنے والے لوگوں کو کووڈ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔
اس دوران کووڈ اسپتال ہر ضلع میں کھلے رہیں گے، جہاں ٹیسٹ اور علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی کووڈ ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے کے لیے بیداری پھیلائی جا رہی ہے۔ ریاست کی سبھی جیلوں کے قیدیوں کو کووڈ ٹیسٹ کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر وہ جیل سے باہر نکل آئے ہیں۔